بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی کے سینئرلیڈر مختار عباس نقوی نے آج یہاں
کہا کہ "کانگریس اور کیجریوال،سیاسی نفاق کا پاس ورڈ بن گئے ہیں." مسٹر
نقوی نے رامپور میں "رن فار یونٹی" پروگرام کوخطاب کرتے ہوئے کہا کہ
کانگریس اور اروند کیجریوال کا سیاسی پروپگنڈہ ملک کی سیکورٹی فورسز کے
حوصلے کو کمزور کرنے کی "سیاسی سازش" ہے. کبھی سرجیکل اسٹرائک پرسوال ،
کبھی سیمی کے مبینہ انتہاپسندوں کی موت پر ہنگامہ تو کبھی "ون رینک ون
پنشن" کے معاملے پر گمراہ کرنے والی سیاست ہو رہی ہے۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ ایک طرف جہاں سرحد پر ہمارے بہادر جوان
حب الوطنی کے
جذبہ کے ساتھ ملک کے دشمنوں اور دہشت گردوں کو منھ توڑ جواب دے رہے ہیں،
وہیں کچھ سیاسی جماعتیں ہر روز کچھ نہ کچھ ایسی حرکتیں کر رہی ہیں جس سے
ملک میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو اور ہمارے جوانوں کے حوصلے پر منفی اثر
پڑے. انہوں نے کہا کہ آج دہشت گرد اور "دہشت گردوں کے آقا" پوری دنیا میں
الگ تھلگ پڑ چکے ہیں، ایک دو ممالک کو چھوڑ کر دنیا کا کوئی بھی ملک اس طرح
کی شیطانی قوتوں کے ساتھ نہیں کھڑا ہے. یہ طاقتیں اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی
ہیں. امن اور انسانیت کی دشمن ان طاقتوں کے شیطانی منصوبوں کویکے بعد دیگرے
تباہ کیا جا رہا ہے۔